Get Alerts

نئی فلم کی تشہیر یا فیشن ؟ فہد مصطفیٰ کی اوور سائزڈ لباس میں ویڈیو پر مداح برہم؛ سوشل میڈیا پر طنزیہ تبصروں کی بھرمار

نئی فلم کی تشہیر یا فیشن ؟ فہد مصطفیٰ کی اوور سائزڈ لباس میں ویڈیو پر مداح برہم؛ سوشل میڈیا پر طنزیہ تبصروں کی بھرمار

کراچی :پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے سپر اسٹار فہد مصطفیٰ اپنی آنے والی ہارر فلم ’زومبیڈ‘ کی تشہیری مہم کے دوران اپنے اچھوتے اور منفرد لباس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بن گئے ہیں اور مداحوں کی جانب سے ان کے اس نئے انداز پر سخت مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فہد مصطفیٰ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے نئے لُک کی ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں وہ لمبے بالوں کے ساتھ سرمئی اور بھورے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے اوور سائزڈ کوٹ اور چوڑے ٹراؤزر میں نظر آئے۔ اداکار کا یہ فیشن اسٹائل سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی اور صارفین نے ان کے اس روپ پر کڑی تنقید شروع کر دی۔

سوشل میڈیا صارفین نے فہد مصطفیٰ کے اس انداز کو 'چھپری وائبز' قرار دیا، جبکہ بعض نے ان کے لمبے بالوں اور فیشن سینس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں 'جوکر' اور بھارتی گلوکار ہیمیش ریشمیا کا ہم شکل قرار دیا۔ ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ "براہِ کرم اپنی الٹی سیدھی ڈریسنگ سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر شرمندہ نہ کریں" جب کہ ایک اور کمنٹ میں مذاقاً کہا گیا کہ "اداکار کو اپنی الٹی سیدھی پینٹ شرٹ چھوڑ کر بیوی کے کپڑے واپس کر دینے چاہئیں"۔
دوسری طرف، فہد مصطفیٰ کے حامیوں اور مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے اس تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ شوبز اسٹارز کو اپنی فلموں کی پروموشن کے لیے نئے اور منفرد تجربات کرنے کا پورا حق حاصل ہے اور ان کے اس پُر اعتماد انداز کی تعریف کی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ انسٹاگرام پر 43 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والے فہد مصطفیٰ، جنہیں حال ہی میں ڈرامہ 'کبھی میں کبھی تم' سے بے پناہ مقبولیت ملی، ان دنوں اپنی نئی فلم ’زومبیڈ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

ٹیگز: