لاہور: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی واپسی کے پیش نظر نورخان ایئربیس سے ایوان صدرتک روٹ لگادیاگیا ہے۔ صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر فیصلے کا ہینڈ آؤٹ جاری کریں گے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان صدر سیکرٹریٹ ساڑھے 6 بجے ہینڈ آؤٹ جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ صدر مملکت نے عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی جس دوران اہم تقرریوں سے متعلق وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہونے والی سمری پر مشاورت کی گئی۔
صدرمملکت نے تعیناتی کی سمری پر عمران خان کو بریفنگ دی اور انہیں اعتماد میں لیا جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے مطابق سمری دیکھیں، ہمیں آئین اور قانون کی پاسداری کرنی ہے، کسی ادارے سے ہماری کوئی جنگ نہیں ہے۔