Get Alerts

یوٹیوب نے پرائیویٹ میسجنگ فیچر واپس متعارف کرادیا، آزمائش شروع

یوٹیوب نے پرائیویٹ میسجنگ فیچر واپس متعارف کرادیا، آزمائش شروع

کیلیفورنیا :  یوٹیوب نے 2019 میں پرائیویٹ میسجنگ فیچر کو اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دیا تھا، مگر اب ایک بار پھر یہ فیچر صارفین کے لیے دستیاب کرایا جا رہا ہے، اور اس کی آزمائش محدود سطح پر شروع کر دی گئی ہے۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس فیچر کی آزمائش اس وقت آئرلینڈ اور پولینڈ میں کی جا رہی ہے۔ جن صارفین کو اس فیچر تک رسائی دی گئی ہے، وہ موبائل ایپ کے ذریعے ویڈیوز کو دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔ شیئر بٹن پر کلک کرنے کے بعد، صارفین فل اسکرین چیٹ ایپ میں ایک گروپ یا ون آن ون چیٹ شروع کر سکتے ہیں، اور اپنی پسندیدہ ویڈیوز کو دوستانہ پیغامات، ایموجیز یا ٹیکسٹ کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق، صارفین کی جانب سے اس فیچر کا سب سے زیادہ مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ جب یوٹیوب نے 2019 میں یہ فیچر ہٹایا تھا تو اس کی وجہ واضح نہیں کی گئی تھی، مگر اب ایک مرتبہ پھر اس فیچر کو واپس لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نئے فیچر میں انوائیٹ (دعوت) بھیجنا ضروری ہوگا، اور فی الحال یہ صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ، یوٹیوب نے میسجنگ فیچر میں اضافی سیکیورٹی فیچرز بھی متعارف کرائے ہیں، جیسے ان سینڈ (unsend) میسجز، بلاک اور رپورٹ کے آپشنز۔

ایک اور اہم بات یہ ہے کہ یوٹیوب کمیونٹی گائیڈ لائنز کا اطلاق اس فیچر پر بھی ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ میسجز پر بھی ویڈیوز اور کمنٹس کی طرح پابندیاں ہوں گی۔

یہ فیچر ان صارفین کے لیے خوشخبری ہے جو یوٹیوب ویڈیوز کو ای میل، واٹس ایپ، یا انسٹاگرام جیسے دیگر پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کی بجائے، اب براہ راست یوٹیوب ایپ میں ہی اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں۔

ٹیگز: