کابل/ماسکو: افغانستان میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس پر عالمی اداروں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، اور ان گروہوں کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے عہدیداران نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی اور خبردار کیا کہ افغانستان میں دہشت گرد گروہ تیزی سے فعال ہو رہے ہیں۔
ایس سی او کے سربراہ اولاربیک شارشییف نے کہا کہ بین الاقوامی دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیاں افغانستان اور شام میں بڑھ گئی ہیں، اور یہ گروہ حملے کرنے، سلیپر سیل قائم کرنے اور فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے دائرہ کار وسیع کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروہ تیسرے ممالک کی جعلی دستاویزات کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔
آزاد ریاستوں کی انسداد دہشت گردی تنظیم کے سربراہ یوجینی سسویف نے کہا کہ دہشت گرد گروہ علاقائی اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے افغانستان میں نقل و حرکت میں اضافہ کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد گروہوں پر عالمی تشویش پاکستان کے مؤقف کو بھی تقویت دیتی ہے۔