وزیراعظم کابینہ اراکین کو بلوچستان میں مداخلت سے روکیں، جام کمال کا مطالبہ

وزیراعظم کابینہ اراکین کو بلوچستان میں مداخلت سے روکیں، جام کمال کا مطالبہ
کیپشن: وزیراعظم کابینہ اراکین کو بلوچستان میں مداخلت سے روکیں، جام کمال کا مطالبہ
سورس: فائل فوٹو

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اراکین کو صوبائی امور میں مداخلت سے روکا جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ وہ وفاقی کابینہ کے اراکین کو بلوچستان کے امور میں مداخلت سے روکیں۔

جام کمال نے اپنے بیان میں مداخلت کرنے والے وفاقی کابینہ کے ارکین سے کہا ہے کہ وہ بلوچستان میں پاکستان تحریک انصاف کو اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے بیان کے ساتھ ابن العربی سے منسوب ایک پوسٹ بھی شیئر کی ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ یہ سیاسی تحریک بلوچستان اور پاکستان کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گی۔

انہوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ دو ماہ میں بہت سی چیزیں کھل کر سامنے آئی ہیں اور سیاسی نام نہاد اصول، لالچ، اقتدار کی ہوس، سازش کرنے والے اور بہت سے ہیرو اور ساکھ کے ساتھ تیز لوگوں کا مقابلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی ترقی میں نقصان کی ساری ذمہ داری پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور بی اے پی کے بعض سمجھدار وفاقی کابینہ، چند مافیا اور بی اے پی (ناراض گروپ) پر عائد ہو گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے وزیراعظم عمران خان کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے اطراف میں موجود لوگوں پر نگاہ رکھیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں سیاسی بحران کے آثار سب سے پہلے رواں سال جون میں اس وقت نمایاں طور پر سامنے آئے تھے جب اپوزیشن اراکین نے صوبائی اسمبلی کی عمارت کے باہر کئی دنوں تک وزیراعلیٰ جام کمال کی صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ احتجاجی اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں ان کے حلقوں کے لیے ترقیاتی فنڈز مختص نہیں کیے ہیں۔

اس وقت اراکین اسمبلی کی جانب سے کیا جانے والا احتجاج ایک بحران کی صورت اختیار کر گیا تھا۔ پولیس نے بھی حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے 17 اراکین اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔