بنگال کے شیر ہوگئے ڈھیر،رنز کا پہاڑ عبور نہ کرسکے ،جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کو 149 رنز سے شکست دیدی

بنگال کے شیر ہوگئے ڈھیر،رنز کا پہاڑ عبور نہ کرسکے ،جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کو 149 رنز سے شکست دیدی

ممبئی:جنوبی افریقہ نے بنگلا دیش کو 149 رنز سے شکست دے دی ۔آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 23ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کو باآسانی رنز سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقی بیٹرز نےبنگلادیش کو جیت کےلیے 383 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 233 رنز بناسکی۔ 

ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اننگز کے ابتدائی 8 اوورز کے دوران جنوبی افریقہ نے 36 رنز پر 2 وکٹیں گنوائیں۔ ریزا ہینڈرکس 12 اور راسی ونڈردوسن 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اِن فارم بیٹر کوئنٹن ڈی کاک ایک اینڈ پر جمے رہے۔

ابتدائی دو وکٹیں گنوانے کے بعد کوئنٹن ڈی کاک اور ایڈن مارکرم نے پارٹنرشپ قائم کی اور سکور 167 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 30.4 اوورز میں ایڈن مارکرم 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ پر کوئنٹن ڈی کاک اور ہینرک کلاسین کے درمیان 87 گیندوں پر 143 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

جنوبی افریقہ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے  باز کوئنٹن ڈی کاک تھے، انہوں نے 174 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔بلے باز ڈیوڈ ملر نے بھی خوب ہاتھ صاف کیا۔ کلاسین آخری اوور میں 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ ڈیوڈ ملر نے 15 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ مارکو یانسین نے ایک رن بنایا۔ 

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہدی حسن میراز، شریف الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ 


پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ 383 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 233 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، محمود اللہ نے 111 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے جیڑالڈ کوٹزی نے 3، مارکو جانسن، لیزاد ولیمز اور کاگیسو ربادا نے 2،2 جبکہ کیشو مہاراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی جانب سے اوپننگ لٹن داس اور تنزید حسن نے کی تاہم ساتویں اوور کی پہلی گیند پر تنزید حسن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، لٹن داس بھی 22 رنز بنا کر چلتے بنے۔دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شکیب الحسن ایک، مشفق الرحیم 8، مہدی حسن میراز 11، نسیم احمد 19 ، حسن محمود 15 اور نجم الحسن شنتو بغیر کوئی رن سکور کئے پویلین لوٹ گئے۔

مصنف کے بارے میں