دیامر بھاشا، مہمند ڈیم فنڈ کا نام ’پی ایم سی جے فنڈ‘ رکھنے کی منظوری

دیامر بھاشا، مہمند ڈیم فنڈ کا نام ’پی ایم سی جے فنڈ‘ رکھنے کی منظوری
کیپشن: وزیراعظم عمران خان نے فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی مجھ سے اجازت لی تھی، چیف جسٹس۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دادو سندھ میں نائی گچ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دیامربھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ اکاونٹ کا ٹائٹل تبدیل کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

اس دوران چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی مجھ سے اجازت لی تھی۔ بینچ سے اجازت نہیں لی گئی تھی جو کہ ضروری ہے میں نے کہا ڈیم کی تعمیر کے لیے رقم آنی چاہیے کوئی شخصیت کا مسئلہ نہیں ہے۔

عدالت عظمیٰ کے 4 رکنی بینچ نے حکومت کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کر کے حکومت کے تجویز کردہ ٹائٹل ’پی ایم سی جے فنڈ‘ (پرائم منسٹر، چیف جسٹس فنڈ) رکھنے کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے سپریم کورٹ نے فنڈ قائم کیا ہے جس میں فنڈریزنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم اور بیرون ملک پاکستانیوں سے اس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔