Get Alerts

اقوام متحدہ اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس، مسئلہ کشمیر پر بھارت کی پالیسیوں کی شدید مذمت

اقوام متحدہ اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس، مسئلہ کشمیر پر بھارت کی پالیسیوں کی شدید مذمت

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے کشمیر سے متعلق رابطہ گروپ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل برائے سیاسی امور نے کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، نائجر اور آذربائیجان کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ کشمیری عوام کے نمائندوں پر مشتمل ایک وفد بھی اجلاس میں شریک تھا۔

پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم، غیر قانونی قبضے کو مضبوط بنانے، کالے قوانین، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب کو زبردستی تبدیل کرنے کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔

طارق فاطمی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ بھارت پر سیاسی قیدیوں کی رہائی، جبر کے خاتمے اور انسانی حقوق کی بحالی کے لیے دباؤ ڈالے۔

انہوں نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مسلسل حمایت پر او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

اجلاس میں او آئی سی نے حالیہ جنگ بندی کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

او آئی سی نے بھارتی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیا اور مقبوضہ کشمیر میں سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے علمبرداروں کی گرفتاریوں، سری نگر کی جامع مسجد اور عیدگاہ میں مذہبی اجتماعات پر پابندی جیسے اقدامات کی بھی شدید مذمت کی۔

او آئی سی نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات اور ان کے ذریعے کی جانے والی آبادیاتی تبدیلیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کا ہرگز متبادل نہیں ہو سکتے۔اجلاس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کے حالیہ دورہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔

ٹیگز: