کراچی: سندھ کے 14 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 28 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، جو صبح 8 بجے سے شروع ہو کر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
کراچی کے تین اضلاع ضلع غربی، ضلع شرقی اور کیماڑی میں بھی پانچ نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن سندھ کے ترجمان کے مطابق، ان انتخابات میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 187 ہے، جن میں 1 لاکھ 33 ہزار 38 مرد اور 1 لاکھ 10 ہزار 154 خواتین ووٹر شامل ہیں۔
پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام اضلاع میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے بتایا کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جو انتخابی عمل اور نتائج کی وصولی تک فعال رہے گا۔