کیلیفورنیا : دنیا بھر کے کروڑوں کمپیوٹر صارفین کے لیے اہم خبر یہ ہے کہ مائیکروسافٹ نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی ہے کہ 14 اکتوبر 2025 سے ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم کی تمام قسم کی سپورٹ بند کر دی جائے گی۔ اس تاریخ کے بعد ونڈوز 10 صارفین کو نہ ٹیکنیکل سپورٹ دستیاب ہوگی اور نہ ہی سکیورٹی اپ ڈیٹس یا نئے فیچر اپ گریڈز ملیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سپورٹ ختم ہونے کے بعد ونڈوز 10 چلانے والے کمپیوٹرز وائرس اور میل ویئر کے حملوں کے لیے زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔ اس لیے مائیکروسافٹ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے سسٹمز کو اپ گریڈ کریں۔
اگر آپ کا کمپیوٹر ونڈوز 11 کے لیے اہل ہے تو آپ اسے مفت میں اپ گریڈ کر سکتے ہیں۔ صارفین اپنے سسٹمز کی اہلیت چیک کر کے اس عمل کو شروع کر سکتے ہیں۔ جبکہ جو کمپیوٹر ونڈوز 11 کے لیے اہل نہیں، انہیں نئے ونڈوز 11 پری انسٹالڈ ڈیوائسز خریدنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مزید براں، مائیکروسافٹ نے ایکسٹینڈڈ سکیورٹی اپ ڈیٹس پروگرام بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت وہ صارفین جو فوری طور پر اپ گریڈ نہیں کر سکتے، اکتوبر 2026 تک محدود سکیورٹی تحفظ حاصل کر سکیں گے۔