Get Alerts

پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو حقیقت بن چکا ہے،وزیراعلی پنجاب مریم نواز

پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو حقیقت بن چکا ہے،وزیراعلی پنجاب مریم نواز

لاہور :  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پیرا فورس (PERA Force) کا قیام ان کا خواب تھا، جو آج حقیقت کا روپ دھار چکا ہے اور اس کی کارکردگی ہر لحاظ سے مثالی ثابت ہو رہی ہے۔

وہ لاہور میں پیرا فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہی تھیں۔ وزیر اعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پیرا فورس میں شامل ہونے والوں کو اللہ تعالیٰ نے قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے، اور اب ان پر شہریوں کے تحفظ اور مدد کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام کی مشکلات اور خصوصاً خواتین کو بازاروں، عوامی مقامات اور ایمرجنسی حالات میں درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیرا فورس قائم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے کے بعد خواتین نے سکھ کا سانس لیا ہے، کیونکہ پہلے راستے بند ہو جاتے تھے، اب آسانی ہو گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین اہلکاروں کی شمولیت خوش آئند ہے، جو خواتین کو درپیش مشکلات کے حل میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کی موجودگی میں عوامی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔

مریم نواز نے سیلاب کے دوران پیرا فورس اور دیگر اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر بحران میں عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر مثالی کام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مصنوعی مہنگائی جیسے مسائل کا سامنا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے "پنجاب گورننس کا نیا ماڈل" متعارف کرایا گیا ہے۔

انہوں نے نوجوان اہلکاروں سے وعدہ لیا کہ وہ ایمانداری سے فرائض انجام دیں گے اور کبھی رشوت نہیں لیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ سی سی ڈی کی بھی تعریف کی، جس نے پنجاب میں قیامِ امن کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کئی اضلاع میں جرائم کی شرح صفر تک پہنچ چکی ہے، جو قابلِ فخر ہے۔

مریم نواز نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ وہ پنجاب کو ماؤں اور بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنانا چاہتی ہیں، اور پیرا فورس اس مشن میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

ٹیگز: