Get Alerts

ابرار احمد کو ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کا صلہ، ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں ٹاپ 5 میں انٹری

ابرار احمد کو ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کا صلہ، ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں ٹاپ 5 میں انٹری

دبئی : ایشیا کپ 2025 میں شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں نمایاں ترقی کرتے ہوئے ٹاپ 5 میں جگہ بنا لی ہے۔ آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی 20 رینکنگ میں ابرار احمد 12 درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف میچ میں ابرار احمد نے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جس کے بعد ان کی رینکنگ میں خاصی بہتری آئی ہے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی 2 درجے ترقی کے بعد 25 ویں نمبر پر جبکہ حارث رؤف 9 درجے ترقی کے بعد 28 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

آئی سی سی ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر بھارت کے ورن چکرورتی، دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی اور تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین براجمان ہیں۔

دوسری جانب، پاکستانی فاسٹ بولر محمد نواز کی رینکنگ 13 درجے تنزلی کے بعد 46 ویں جبکہ صفیان مقیم 3 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹی 20 بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما پہلے، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے 31 درجے ترقی کے بعد 24 ویں اور صائم ایوب 8 درجے تنزلی کے بعد 55 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور اوپنر فخر زمان بھی رینکنگ میں تین تین درجے بہتری کے بعد بالترتیب 65 ویں اور 66 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی 20 آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا پہلے، افغان آل راؤنڈر راشد خان دوسرے اور زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے صائم ایوب پانچویں، محمد نواز 17 ویں اور فہیم اشرف 39 ویں نمبر پر ہیں۔

ٹیگز: