کیلیفورنیا: معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے نیا ترجمہ (ٹرانسلیشن) فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین بغیر ایپ سے باہر جائے، چیٹس کا فوری ترجمہ کر سکیں گے۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں ڈیوائسز کے لیے دنیا کے 180 ممالک میں دستیاب کیا جا رہا ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق اس نئے فیچر کی مدد سے صارفین مختلف زبانوں میں موصول ہونے والے پیغامات کا ترجمہ چند سیکنڈز میں دیکھ سکیں گے اور اسی کے مطابق فوری جواب دے سکیں گے۔
اینڈرائیڈ صارفین انگریزی، ہندی، پرتگیزی، رشین اور عربی زبانوں کا ترجمہ کر سکیں گے، جبکہ آئی او ایس (آئی فون) صارفین کو ایپل ٹرانسلیشن کے تحت 19 زبانوں کی سہولت میسر ہو گی۔
فیچر استعمال کرنے کے لیے اینڈرائیڈ صارفین مطلوبہ پیغام کو تھوڑی دیر دبا کر رکھیں، پھر اوپر دائیں جانب تین نقطوں والے مینیو پر کلک کریں اور "ٹرانسلیٹ" کے آپشن کو منتخب کر کے زبان کا انتخاب کریں۔ اینڈرائیڈ پر صارفین اس فیچر کو آٹو ٹرانسلیشن کے طور پر بھی آن کر سکتے ہیں، جس سے مخصوص رابطے کی تمام چیٹس کا ترجمہ خودکار طور پر ہو جائے گا۔ آئی فون صارفین بھی یہی طریقہ استعمال کر سکتے ہیں، تاہم ان کے لیے آٹو ٹرانسلیشن کی سہولت دستیاب نہیں ہو گی۔
یہ نیا فیچر ون آن ون چیٹس، گروپ چیٹس اور چینل اپڈیٹس پر بھی کام کرے گا۔ تاہم فی الحال یہ سہولت واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ورژن پر دستیاب نہیں ہے۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کو مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے اور جلد ہی یہ تمام صارفین کے لیے دستیاب ہو گا۔