Get Alerts

وزیر خارجہ اسحاق ڈار او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے

وزیر خارجہ اسحاق ڈار او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے

اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 21 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس اہم اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام شرکت کر رہے ہیں۔

اجلاس میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت، غزہ پر ممکنہ فوجی کنٹرول کے منصوبے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کا مقصد اسلامی دنیا میں یکجہتی، انسانی حقوق کے تحفظ اور فلسطینی عوام کی حمایت کو مؤثر بنانا ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 23 اور 24 اگست کو بنگلہ دیش کا کامیاب سرکاری دورہ مکمل کیا۔ یہ کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا گزشتہ 13 برسوں میں پہلا بنگلہ دیشی دورہ تھا، جو بنگلہ دیشی حکومت کی دعوت پر کیا گیا۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ محمد توحید حسین، چیف ایڈوائزر محمد یونس اور مشیر تجارت شیخ بشیر الدین سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر اقتصادی و تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کئی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے پر معاہدہ ہوا، جبکہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام، فارن سروس اکیڈمیز اور اسٹریٹجک اسٹڈیز انسٹیٹیوٹس کے مابین تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس کے علاوہ خبر رساں ادارے اے پی پی اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان مفاہمتی یادداشت، اور ثقافتی تبادلہ پروگرام پر بھی دستخط کیے گئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کی سیاسی جماعتوں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی، جماعت اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی کے وفود سے ملاقاتیں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم پیش رفت ہیں۔

ٹیگز: