اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 23 اور 24 اگست کو بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کیا، جو تقریباً 13 سال بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ تھا۔ اس موقع پر انہوں نے بنگلہ دیش کے اعلیٰ حکام بشمول چیف ایڈوائزر محمد یونس اور مشیر برائے امور خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا کے خاتمے کا معاہدہ ہوا، جس سے دو طرفہ سفارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔ علاوہ ازیں، تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے اور مختلف ثقافتی، تعلیمی اور اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کی نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں، جو دونوں ممالک کے سیاسی اور عوامی روابط کو مضبوط کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کی بہتری اور باہمی تعاون کو نئی جہت دینے میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔