اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی عہدے سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد عہدہ واپس لینے کی استدعا کریں گے تاہم وہ اپنی وکالتی خدمات بلا معاوضہ جاری رکھیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وہ چیئرمین کے اعتماد کے شکر گزار ہیں، اور ہمیشہ جمہوریت، آئین، قانون کی بالادستی، خواتین و اقلیتوں کے حقوق، اور مزدوروں کے مسائل کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ روایتی سیاستدان نہیں اور نہ ہی جاگیردار ہیں، ان کے خلاف بیس جھوٹے دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے لیکن وہ ڈرے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل سے خوفزدہ نہیں اور اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اپنی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اصغر خان کیس، NRO، ٹیریان، عدت، سائفر اور فوجی عدالتوں کے مقدمات میں عدالتوں سے سرخرو ہوئے، اور مخصوص نشستوں کا مقدمہ جیتنا بڑی کامیابی تھی۔
سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ وہ آئندہ بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور وکالتی خدمات بغیر کسی معاوضے کے فراہم کرتے رہیں گے۔