Get Alerts

انسٹاگرام صارفین کے لیے خوشخبری: کیپشن لمبائی کا الگورتھم پر کوئی اثر نہیں

انسٹاگرام صارفین کے لیے خوشخبری: کیپشن لمبائی کا الگورتھم پر کوئی اثر نہیں

کیلیفورنیا:انسٹاگرام کے سی ای او ایڈم موسیری نے طویل کیپشنز کے انسٹاگرام پوسٹس کی رسائی پر اثرات سے متعلق تمام شکوک و شبہات کو دور کر دیا ہے۔

انسٹاگرام کے کئی کونٹینٹ کریئیٹرز طویل عرصے سے اس بات پر الجھے ہوئے تھے کہ کیا لمبے، جذباتی کیپشنز ان کی پوسٹس کی ریچ کو متاثر کرتے ہیں یا مختصر اور جامع الفاظ کا استعمال بہتر ثابت ہوتا ہے، خاص طور پر جب مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال عام ہو چکا ہے۔

انسٹاگرام اسٹوریز میں سوال جواب کے ایک سیشن میں ایڈم موسیری نے واضح کیا کہ کیپشن کی لمبائی کا انسٹاگرام پوسٹس کی ریچ یا رینکنگ پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ AI ٹیکنالوجی کے عام ہونے کے بعد بعض کریئیٹرز لمبے کیپشنز استعمال کرتے ہیں جن میں کار خریدنے کی ہدایات اور دیگر تکنیکی دستاویزات شامل ہوتی ہیں، جو اصل پوسٹ سے مختلف ہوتی ہیں۔

موسیری نے خبردار کیا کہ ایسے تخلیق کار جو سمجھتے ہیں کہ وہ انسٹاگرام کے الگورتھم کو لمبے کیپشنز کے ذریعے دھوکہ دے کر اپنی پوسٹس کی رسائی بڑھا سکتے ہیں، یہ خیال غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیپشن کی لمبائی یا مواد کی نوعیت انسٹاگرام کے رینکنگ سسٹم پر اثر انداز نہیں ہوتی۔

یہ اعلان انسٹاگرام صارفین کے لیے ایک بڑی راحت کا باعث ہے اور انہیں اپنی پوسٹس کے کیپشنز کے حوالے سے مزید آزادی دے گا۔