Get Alerts

51 سال کی عمر میں شلپا شیٹی کی فٹنس کا راز سامنے آگیا

51 سال کی عمر میں شلپا شیٹی کی فٹنس کا راز سامنے آگیا

ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی طویل عرصے سے اپنی فٹنس، یوگا اور صحت مند طرزِ زندگی کے باعث مداحوں کی توجہ حاصل کرتی رہی ہیں۔ حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے اپنی خوراک، ورزش اور فٹنس کے معمولات کے بارے میں کھل کر بات کی۔

شلپا شیٹی کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ کھانے پینے کے حوالے سے ان کی سوچ میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ ماضی میں وہ کیلوریز گننے اور مخصوص غذاؤں سے پرہیز پر زیادہ توجہ دیتی تھیں، تاہم اب ان کی ترجیح جسم کی ضروریات کو سمجھنا اور اسے مکمل غذائیت فراہم کرنا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ فٹنس کے سفر کے آغاز میں ہی انہیں پروٹین کی اہمیت کا اندازہ ہوگیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف ورزش کرنا کافی نہیں، بلکہ جسم کو مناسب غذائیت دینا بھی ضروری ہے۔ ان کی خوراک میں پروٹین کے ساتھ کیلشیم، وٹامن ڈی، صحت مند چکنائیاں، کاربوہائیڈریٹس، مائیکرونیوٹرینٹس اور مناسب مقدار میں پانی بھی شامل ہے۔

شلپا شیٹی نے کہا کہ اچھی فٹنس کے لیے متوازن غذا کے ساتھ سٹرینتھ ٹریننگ، کارڈیو، لچک، جسمانی حرکت اور مناسب آرام بھی اہم ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاندان پر کسی ایک مخصوص ڈائٹ کو لاگو کرنے کے بجائے گھر میں صحت مند اور متوازن کھانے کی عادت پیدا کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ وہ بچوں کو پیزا یا میٹھا کھانے پر احساسِ جرم میں مبتلا کرنے کے حق میں نہیں، کیونکہ ان کے خیال میں بچوں کا کھانے کے ساتھ مثبت اور متوازن تعلق ہونا چاہیے۔

اپنی فٹنس کا سب سے بڑا چیلنج بتاتے ہوئے شلپا نے کہا کہ مشکل کسی خاص ورزش میں نہیں بلکہ مسلسل ورزش جاری رکھنا اصل امتحان ہے۔ خاص طور پر ان دنوں جب ورزش کرنے کا دل نہ چاہ رہا ہو، معمول برقرار رکھنا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔

شلپا شیٹی نے بتایا کہ وہ یوگا، سٹرینتھ ٹریننگ اور مختلف مشکل ورزشیں کرنا پسند کرتی ہیں، لیکن اب وہ اپنے جسم کی حدود اور ریکوری پر پہلے سے زیادہ توجہ دیتی ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں 24 گھنٹے مکمل آزادی کے ساتھ گزارنے کا موقع ملے تو وہ کیا کریں گی، تو اداکارہ نے کہا کہ وہ زیادہ دیر تنہا نہیں رہ سکتیں کیونکہ انہیں لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسے دن میں وہ دیر تک سونا، طویل یوگا یا ورزش کرنا، سکون سے ناشتہ کرنا اور کچھ وقت بغیر کسی مصروفیت کے گزارنا چاہیں گی۔ اس کے علاوہ سفر، مساج اور اچھی فلمیں دیکھنا بھی ان کی پسندیدہ سرگرمیوں میں شامل ہوگا۔

شلپا شیٹی سوشل میڈیا پر بھی یوگا، ورزش اور متوازن غذا سے متعلق آگاہی فراہم کرتی رہتی ہیں، جہاں ان کے فٹنس روٹین کو مداحوں کی جانب سے خاصی دلچسپی حاصل ہوتی ہے۔

ٹیگز: