راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ دورۂ ایران کے دوران انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں ایران امریکا مستقل جنگ بندی، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے پرامن خاتمے کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی سپیکر باقر قالیباف، رہبر اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی امن کے فروغ اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ایرانی قیادت نے کشیدگی کم کرنے اور امن کے لیے سہولت کاری میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔ فریقین نے خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔