اسلام آباد میں اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آ گیا

اسلام آباد میں اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کا کیس سامنے آ گیا ہے اور کنٹیکٹ ٹریسنگ جاری ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں اومی کرون کا کیس سامنے آیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے شہری میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کنٹیکٹ ٹریسنگ جاری ہے۔ 
ذرائع کے مطابق اومی کرون کے مریض کی بیرون ممالک کی ٹریول ہسٹری نہیں ہے اور اس کی صرف کراچی کی ٹریول ہسٹری ہے جبکہ مریض کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں اومی کرون کے مزید 8 مشتبہ کیس سامنے آئے تھے اور سعودی عرب سے کراچی آنے والے 8 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جنہیں کورنگی ہسپتال 5 نمبر میں قرنطینہ کیا گیا۔ 
ذ رائع کے مطابق ان کے نمونے جینوم سیکیونسنگ کیلئے نجی ہسپتال بھیج دئیے گئے جبکہ ائیرپورٹ حکام نے بھی سعودی عرب سے کراچی آنے والے 8 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کی تصدیق کی۔ 
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کا پہلا کیس 9 دسمبر کو سامنے آیا تھا اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان (این آئی ایچ) کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ روز مزید 6 مشتبہ کیسز سامنے آئے تھے۔ 
اس کے علاوہ کچھ روز قبل بھی ایک اور اومی کرون کا کیس سامنے آیا تھا اور متاثرہ شخص ہسپتال سے فرار ہو گیا جس نے اپنا پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے رابطہ کیا تو اسے تلاش کر کے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا۔