آرمی چیف کا کرائسٹ چرچ راولپنڈی کا دورہ،کرسمس کی مبارکباد، پراپیگنڈا کی بجائے سچائی پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور

آرمی چیف کا کرائسٹ چرچ راولپنڈی کا دورہ،کرسمس کی مبارکباد، پراپیگنڈا کی بجائے سچائی پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور

راولپنڈی :  آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر  نے  کرسمس تقریب میں شرکت کے لئےکرائسٹ چرچ  راولپنڈی کا دورہ کیا۔  چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ آرمی چیف نے مذہبی برادری کے لیے احترام کا اظہار کیا اور متحد و ترقی پسند پاکستان کے  لئے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے کے لیے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا

 آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں امن، دوستی کا سبق سکھاتا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو کہ وقت کی  اہم ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے بیان بازی اور پروپیگنڈا کے بجائے قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ 

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کے لیے متحد اور یکجان ہونا پڑے گا۔ 

آرمی چیف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 147ویں یوم پیدائش پر اُن کے عظیم وژن اور قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیا کہ آپ آزاد ہیں. آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں ۔ 

آخر میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تمام شعبوں اور ڈومینز میں پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ 

مصنف کے بارے میں