Get Alerts

اقلیتوں کے ساتھ زیادتی یا ناانصافی ہونے پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا ، وزیراعظم شہباز شریف

 اقلیتوں کے ساتھ زیادتی یا ناانصافی ہونے پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا ، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کرسمس کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں اقلیتی برادری خصوصاً مسیحی کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور ان کے حقوق کے تحفظ کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کبھی بھی مسلح افواج میں مسیحی افسران اور جوانوں کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتی اور کسی بھی اقلیتی شخص کے ساتھ زیادتی یا ناانصافی ہونے پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ "آج ہم حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو یاد کرنے کے لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں، جنہوں نے انسانیت کو ظلم و جبر سے نجات دلائی۔" انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عیسیٰ اور حضرت مریم کی تعلیمات آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور پاکستان میں مسیحی برادری کا تاریخی اور قابل قدر کردار ہے، جس نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہر شعبے میں اپنی خدمات فراہم کی ہیں۔

شہباز شریف نے اس موقع پر مسیحی برادری کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ "مسیحی برادری نے تعلیم، طب، دفاع اور دیگر شعبوں میں بے شمار خدمات انجام دی ہیں۔" وزیراعظم نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج میں مسیحی بھائیوں کی قربانیاں بھی ناقابل فراموش ہیں، اور ان کے ساتھ مکمل مساوات اور عدل کا سلوک کیا جائے گا۔

رواں سال مئی میں بھارت کے ساتھ ہونے والی جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی کامیاب قیادت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ "فیلڈمارشل کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کے چھکے چھڑا دیے، اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں بھارت کے 7 جہاز گرائے۔" اس کے ساتھ ہی انہوں نے مسیحی شہید ہارون ولیم کو خراج عقیدت پیش کیا، جو دشمن سے لڑتے ہوئے جان کی قربانی دے گئے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ "میرے قائد نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کا احترام کیا۔ انہوں نے دیوالی اور کرسمس جیسے تہواروں میں شرکت کی اور اسلام میں مساوات، عدل، انصاف اور برابری کی تعلیمات پر زور دیا۔" انہوں نے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے ساتھ محبت اور بردباری سے پیش آنا ضروری ہے۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے اور کسی بھی فرد کو اقلیتی برادری کے حقوق پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آخر میں، وزیراعظم نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کا کیک کاٹا اور تقریب میں شریک وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور غیرملکی سفارتکاروں کے ساتھ خوشیاں منائیں۔

ٹیگز: