اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کل جمعہ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے امارات کے صدر کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی، جسے شیخ محمد بن زاید النہیان نے قبول کر لیا ہے۔
شیخ محمد بن زاید کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دوران وہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں اور یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین مزید مضبوط اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کی راہیں ہموار کرنے کا باعث بنے گا۔
اس موقع پر، امارات کے صدر کی آمد کے پیش نظر جمعہ 26 دسمبر کو اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ دورے کے انتظامات بخوبی انجام دیے جا سکیں۔