اسلام آباد: حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے درمیان 730 ملین ڈالر کے دو اہم منصوبوں پر دستخط ہوگئے ہیں، جن میں 330 ملین ڈالر کا سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن منصوبہ اور 400 ملین ڈالر کا سرکاری ملکیتی اداروں کی ٹرانسفارمیشن پروگرام شامل ہے۔
وزارت اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق، ان دونوں منصوبوں کا مقصد پاکستان میں توانائی کے شعبے کی بہتری اور اصلاحات کا عمل تیز کرنا ہے۔
330 ملین ڈالر کی مالیت کا پاور ٹرانسمیشن منصوبہ آنے والے پن بجلی کے منصوبوں سے 2300 میگاواٹ بجلی کی قابلِ اعتماد ترسیل کو ممکن بنائے گا۔ اس منصوبے سے توانائی کے شعبے میں اہم ترقی متوقع ہے، جس سے ملک کی توانائی کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کیا جا سکے گا۔
اس کے علاوہ، سرکاری ملکیتی اداروں کی اصلاحات کے پروگرام پر 400 ملین ڈالر کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ یہ پروگرام ایس اوای ایکٹ اور پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنائے گا، جس سے ملک کے سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل مزید مضبوط ہوگا۔
ایشیا ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے ان اقدامات کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملکیتی اداروں کا اصلاحاتی پروگرام پاکستان کی اصلاحات کی کوششوں کو مزید تقویت دے گا اور ملک کی معیشت کے لیے مثبت نتائج لائے گا۔
ترجمان اقتصادی امور نے کہا کہ یہ معاہدے حکومت پاکستان کی ترقیاتی منصوبوں کے لیے مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں، جن کا مقصد ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنا اور معیشت میں مزید استحکام لانا ہے۔