Get Alerts

مسلح افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

مسلح افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
کیپشن: image by ISPR

راولپنڈی :ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔


میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جس میں ملک کو درپیش خطرات اور جوابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے پیشہ ورانہ تیاریوں، باہمی روابط اور مطابقت پر اطمینان کا اظہار کیا،ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مسلح افواج بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی کور ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کو بریفنگ دی  ، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کور کمانڈر راولپنڈی نے لائن آف ایکچوئل کانٹیکٹ (ایل اے سی)، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر پاک فوج کی آپریشنل صورتحال اور تیاریوں سے آرمی چیف کو آگاہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی تیاریوں اور مستعدی پر اطمینان کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجی کانوائے پر ہونے والے حملے کے بعد سے بھارت کی حکمران ہندو انتہا پسند جماعت نے بغیر تحقیقات کے ہی پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔