اسلام آباد:وفاقی حکومت نے وادی تیراہ کو فوجی احکامات پر خالی کروانے کی خبروں کو من گھڑت اور جھوٹی قرار دے دیا ہے۔ وزارت اطلاعات ونشریات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت یا مسلح افواج کی جانب سے وادی تیراہ کو خالی کروانے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسی افواہیں اور دعوے فوج کو بدنام کرنے کی سازش ہیں اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔ ان کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنا، سکیورٹی اداروں کے خلاف غلط معلومات پھیلانا اور ذاتی و سیاسی مفادات حاصل کرنا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہیں، اور ان کے دوران شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ کسی قسم کی آبادی کی منتقلی یا ہجرت کی ضرورت نہیں ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مقامی آبادی خود خوارج کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے اور وادی تیراہ میں امن و استحکام چاہتی ہے۔