این اے 77 میں تحریک انصاف کے امیدوار کے بیٹے نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی

این اے 77 میں تحریک انصاف کے امیدوار کے بیٹے نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی
کیپشن: اے پی پی

نارروال: این اے 77 سے تحریک انصاف کے امیدوار میاں رشید کے بیٹے عمر رشید نے اپنے ساتھیوں سمیت پولیس پر فائرنگ کردی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق  نارووال کے حلقہ این اے 77 سے تحریک انصاف کے امیدوار میاں رشید کے بیٹے عمر رشید نے پولیس وین پر حملہ کردیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق تھانہ لیسر کے ایس ایچ او نے کوٹھے اسٹاپ کے قریب ایک نوجوان کو ناجائزاسلحہ (کلاشنکوف) سمیت گرفتار کیا تھا،

جسے چھڑانے کے لئے پی ٹی آئی امیدوار میاں رشید کے بیٹے عمر رشید نے اپنے درجنوں ساتھیوں سمیت ناصرف پولیس وین پر حملہ کیا بلکہ ایس ایچ او تھانہ لیسر کلاں عمران یاسین سے ہاتھا پائی بھی کی۔

ایس ایچ او تھانہ لیسر کا کہنا ہے کہ ملزم عمر رشید پولیس کے ساتھ غنڈہ گردی اور بدمعاشی کرکے اپنے ساتھی کو اسلحہ سمیت چھڑا کر فرار ہو گیا، ملزمان نے جاتے ہوئے ایک بار پھر پولیس کی گاڑی پر فائرنگ بھی کی تاہم ملازمین خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول قبضے میں لے لئے گئے ہیں جب کہ عمررشید، فہیم اشتیاق اورعمران نامی شخص سمیت 12 افراد کے خلاف ایچ ایس او طارق کی مدعیت میں زیرِ دفعہ 324،353 ،506B اور188  سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔