لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حالیہ سیلابی ریلوں کے دوران متعدد افراد کے ڈوبنے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات نہایت تکلیف دہ اور تشویش ناک ہیں۔
ڈوبنے سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تھوڑی سی احتیاط سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے اس سال کے تھیم "کوئی بھی ڈوب سکتا ہے، مگر کسی کو ڈوبنا نہیں چاہیے" کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پانی زندگی کا ذریعہ ہے، مگر لاپرواہی کی صورت میں یہی جان لیوا بھی بن سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں افراد صرف اس لیے جان گنوا بیٹھتے ہیں کہ ڈوبنے کے خطرے کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ چاہے دریا ہو، نہر، ندی، جھیل یا سیلابی نالا — احتیاط سے ڈوبنے سے بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پنجاب بھر میں نہروں، دریاؤں اور دیگر خطرناک مقامات پر نہانے پر مکمل پابندی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وارننگ سائنز، مانیٹرنگ اور چیکنگ کا نظام سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ہر وقت الرٹ ہیں تاکہ عوام کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔
آخر میں مریم نواز شریف نے والدین سے خصوصی اپیل کی کہ وہ بچوں کو نہروں اور دریاؤں میں نہانے سے روکیں اور محکمہ موسمیات یا ضلعی انتظامیہ کی وارننگز پر ضرور عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے۔