لاس اینجلس :معروف ہالی ووڈ اداکار اور کامیڈین ساشا بیرن کوہن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی جسمانی ساخت میں تبدیلی اور وزن میں کمی کے لیے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے تجویز کی جانے والی دوا اوزیمپک (Ozempic) کا استعمال کیا۔
اداکار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس دوا سے مدد لے کر نہ صرف وزن میں نمایاں کمی کی، بلکہ اپنی ظاہری شخصیت میں بھی مثبت تبدیلی محسوس کی۔
ساشا بیرن کوہن نے مارول سنیما یونیورس میں سیریز آئرن ہارٹ کے سیزن فائنل میں ولن "میفسٹو" کا کردار ادا کیا، جس کے لیے انہوں نے نمایاں جسمانی تبدیلی کی۔ برطانوی میگزین مینز فٹنس یو کے کے تازہ شمارے کے سرورق پر ان کی فٹنس نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
اداکار نے انسٹاگرام پر بتایا کہ یہ تبدیلی صرف مصنوعی ذہانت کی مرہونِ منت نہیں بلکہ حقیقی محنت، پرسنل ٹرینر، پرائیویٹ شیف اور اوزیمپک کے استعمال کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریض ہیں، اس لیے انہیں ڈاکٹرز نے طبی بنیادوں پر اوزیمپک تجویز کی تھی۔
یاد رہے کہ ساشا بیرن کوہن فلم دی ڈکٹیٹر سمیت کئی مشہور کامیڈی کرداروں کے باعث عالمی شہرت رکھتے ہیں اور اب مارول سیریز میں ان کی شمولیت کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔