گھوٹکی:گھوٹکی کے ممتاز شاہ محلے میں معروف ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی لاش ان کے گھر سے پراسرار حالات میں برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت زہریلی چیز کھانے کی وجہ سے ہوئی، تاہم اصل وجہ جاننے کے لیے لاش کو تعلقہ اسپتال گھوٹکی منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سمیرا نے تین سال قبل علی رضا نامی شخص سے طلاق لے رکھی تھی۔ مقتولہ کے بھائی صدام نے دعویٰ کیا ہے کہ علی رضا اور اس کا ساتھی عمران نے سمیرا کو زہر دے کر قتل کیا۔
مقتولہ کی بیٹی نے بھی پولیس کو بتایا کہ علی رضا اور عمران دونوں سمیرا سے دوبارہ شادی کے خواہش مند تھے، جس کی وجہ سے ان کے درمیان متعدد بار تنازعہ بھی ہوا تھا۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا عمل جاری ہے۔
اسی دوران سمیرا کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنی موت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سابق شوہر علی رضا کو ذمہ دار ٹھہرا رہی ہیں، جس سے کیس کی نوعیت حساس ہو گئی ہے۔
پولیس نے مقتولہ کے گھر سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔