Get Alerts

پی ٹی اے کی واٹس ایپ صارفین کو ہیکنگ سے بچنے کی اہم ہدایات

پی ٹی اے کی واٹس ایپ صارفین کو ہیکنگ سے بچنے کی اہم ہدایات

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو ہیکرز اور سائبر فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے نئی احتیاطی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند ضروری سیکیورٹی فیچرز فعال کر کے اکاؤنٹ کو غیر مجاز رسائی سے بچایا جا سکتا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سائبر جرائم پیشہ عناصر مسلسل واٹس ایپ اکاؤنٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنائیں۔

اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ واٹس ایپ کا سیکیورٹی نوٹیفکیشن فیچر ضرور آن کریں۔ اس مقصد کے لیے واٹس ایپ کی Settings میں جا کر Account اور پھر Security Notifications کے آپشن میں موجود Show Security Notifications کو فعال کیا جائے، تاکہ اکاؤنٹ کی سیکیورٹی میں ہونے والی ہر تبدیلی کی فوری اطلاع موصول ہو سکے۔

پی ٹی اے نے یہ بھی تجویز دی کہ صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک محفوظ اور فعال ای میل ایڈریس ضرور منسلک کریں، تاکہ اگر اکاؤنٹ ہیک ہو جائے یا کسی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہو تو اسے آسانی سے بحال کیا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کو لازمی طور پر فعال کیا جائے کیونکہ یہ اضافی حفاظتی تہہ ہیکرز کو اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے سے روکنے میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔

پی ٹی اے نے زور دیا کہ معمولی سی احتیاط صارفین کے ذاتی ڈیٹا، رابطوں اور دیگر اہم معلومات کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ سیکیورٹی اقدامات کو نظر انداز کرنے کی صورت میں سائبر فراڈ اور مالی نقصان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
 
 
 
 

ٹیگز: