راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے موقع پر کیا۔ یونیورسٹی آمد پر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شرکاء سے پاکستان میں مستقل امن پر اپنا ویژن دیا، ملک میں دیرپا امن سے متعلق بات چیت کی اور ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
#COAS visited National Defence University (NDU) Islamabad today & addressed participants of the National Security & War Course. COAS shared his thoughts on security environment of the region and his vision of enduring peace in Pakistan. Highlighting internal and external... (1/3) pic.twitter.com/IkO0axiTMN
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) June 25, 2020
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے نیشنل سکیورٹی اور وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ تمام درپیش چیلنجز جامع قومی حکمت عملی کا تقاضا کرتے ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک میں امن کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی، ملکی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے پاک فوج مسلسل کوشاں رہے گی، عوام کی حمایت کیساتھ ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع اور سکیورٹی کے لیے قومی حمایت کے ساتھ اپنا فرض ادا کرتے رہیں گے۔ ملک میں دیرپا محفوظ ماحول دینے کے لیے پاک فوج ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی۔