Get Alerts

آئندہ بجٹ میں کھاد اور زرعی ادویات پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا، وزیراعظم شہباز شریف

آئندہ بجٹ میں کھاد اور زرعی ادویات پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور آئندہ بجٹ میں کھاد اور زرعی ادویات پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز زراعت کی ترقی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، سرکاری افسران، زرعی ماہرین اور نجی شعبے کے نمائندے شریک تھے۔

وزیراعظم کو اجلاس میں زرعی اصلاحات، کسانوں کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی، زرعی انفراسٹرکچر اور پیداوار بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور اس میں پائیدار بہتری لانے سے نہ صرف ملکی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ کسانوں کی زندگیوں میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے ہدایت دی کہ زرعی مشینری اور آلات پر ٹیکس بتدریج کم کیا جائے تاکہ فارم میکینائزیشن کو فروغ ملے۔ ساتھ ہی انہوں نے زرعی اجناس کی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کی جانب سے نئے زرعی منصوبوں اور فنڈز کی فراہمی حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چین بھیجے گئے زرعی سکالرز وطن واپس آ کر زرعی شعبے میں بطور انٹرپرینیور اہم کردار ادا کریں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ "نیشنل ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ ایکشن پلان" کے تحت کسانوں کی آمدن بڑھانے اور زرعی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بتایا گیا کہ قومی ٹیکنالوجی فنڈ کے تحت 129 زرعی اسٹارٹ اپس بھی شروع کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ زراعت کے شعبے کی ترقی سے سب سے زیادہ فائدہ دیہی علاقوں اور محنت کش کسانوں کو ہوگا۔

ٹیگز: