Get Alerts

بلوچستان میں اصلاحات کا آغاز، بند دفاتر کھولنے اور صحت مراکز فعال کرنے کا اعلان

بلوچستان میں اصلاحات کا آغاز، بند دفاتر کھولنے اور صحت مراکز فعال کرنے کا اعلان

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کی انتظامی بہتری اور عوامی سہولت کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ تمام اضلاع میں بند سرکاری دفاتر عوام کے لیے کھولے جائیں گے جبکہ آئندہ تین ماہ کے دوران غیر فعال صحت مراکز کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔

 سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ بجٹ کی منظوری کے سلسلے میں اپوزیشن ارکان کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں انتظامی کمزوریاں ختم کی جا رہی ہیں تاکہ گورننس کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں (PSDP) کے حوالے سے پائے جانے والے تحفظات دور کیے جا رہے ہیں۔ "250 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز سے نوجوانوں کو فائدہ پہنچانا ہماری ترجیح ہے، منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔"

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ بلوچستان مزید بدامنی برداشت نہیں کرے گا۔ "جو عناصر قومی شاہراہیں بند کرکے قانون کو چیلنج کریں گے، انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔"

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن ان وسائل کا فائدہ حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کو امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

ٹیگز: