Get Alerts

افغان سرزمین سے دہشت گردی پر عالمی تشویش، برطانوی نمائندے کا طالبان حکام سے کارروائی کا مطالبہ

افغان سرزمین سے دہشت گردی پر عالمی تشویش، برطانوی نمائندے کا طالبان حکام سے کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد: افغانستان میں برطانیہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ لنڈسے نے کہا ہے کہ خطے میں عدم استحکام کا سبب بننے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننی چاہیے۔

افغان میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رچرڈ لنڈسے نے کہا کہ بعض دہشت گرد گروہوں کو افغانستان کے اندر موجود نیٹ ورکس، روابط اور سہولتوں سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ان کے مطابق سرحدی علاقوں میں موجود خاندانی اور قبائلی روابط بھی بعض اوقات شدت پسند عناصر کے لیے معاون ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کابل اور قندھار میں حکام کو دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایسے عناصر کی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہوگا جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

پاکستان طویل عرصے سے یہ مؤقف اختیار کرتا آیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث بعض عناصر افغانستان میں موجود محفوظ ٹھکانوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ دوسری جانب افغان طالبان حکومت اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہتی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیتی۔

برطانوی نمائندے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون، مؤثر سکیورٹی اقدامات اور بین الاقوامی شراکت داری ناگزیر ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹیگز: