جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو آخری ٹی ٹونٹی میں45 رنز سے ہرا کر وائٹ واش کر دیا

جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو آخری ٹی ٹونٹی میں45 رنز سے ہرا کر وائٹ واش کر دیا
کیپشن: تصویر آئی سی سی ٹوئٹر

جوہانسبرگ : جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 45 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، بارش کے باعث سری لنکا کو فتح کیلئے 17 اوورز میں 183 رنز کا ہدف دیا، مہمان ٹیم ہدف کے تعاقب میں 16ویں اوور میں 137 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ڈکویلا اور ایسورو کے سوا سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، ڈکویلا 38 اور ایسورو 36 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، پریٹوریس نے 77 ، ریزا ہینڈرکس نے 66 رنز کی اننگز کھیل کر اور فیلک وایو نے 4 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

پریٹوریس میچ اور ہینڈرکس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ایڈن مرکرم 15 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، ہینڈرکس اور ڈین پریٹوریس نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور بنا کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنا دیا، ہینڈرکس 66 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے لیکن پریٹوریس ڈٹے رہے اور 77 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کپتان جے پی ڈومینی 34 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، سرنگا لکمل اور وانڈرسے نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں سری لنکن ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں 11.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، طویل انتظار کے بعد جب بارش تھمی تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت سری لنکا کو فتح کیلئے 17 اوورز میں 183 رنز کا ہدف ملا، سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 15.4 اوورز میں 137 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، نیروشن ڈکویلا 38 رنز بنا کر نمایاں رہے.

ایسورو اودانا نے ایک بار پھر جارحانہ انداز اپنایا لیکن 4 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے، 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، دھنن جایا ڈی سلوا 8، فرننڈو اور مینڈس ایک، ایک، اینجلو پریرا 15، تھسارا پریرا 8، اکیلا دانن جایا 9، مالنگا اور لکمل بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، فیلک وایو نے 4 جونیئر ڈیلا اور سیپاملا نے 2، 2 اور پریٹوریس نے ایک وکٹ لی۔