حکومت نے کل کوئی تماشا بنایا تو وہ خود ہی تماشا بن جائے گی: رانا ثنااللہ

حکومت نے کل کوئی تماشا بنایا تو وہ خود ہی تماشا بن جائے گی: رانا ثنااللہ
کیپشن: حکومت کی طرف سے کل کوئی تماشا بنایا تو وہ خود ہی تماشا بن جائے گی، رانا ثنااللہ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف کی قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیشی کے موقع پر حکومت کی طرف سے کوئی تماشا بنایا گیا تو حکومت خود ہی تماشا بن جائے گی، قانون نیب  کی لونڈی نہیں کہ جہاں مرضی ریڈ زون بنا دیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس مریم نواز کی نیب میں کل ہونے والی پیشی کے متعلق گفتگو کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی نیب صدر مریم نواز ماڈل ٹاون سے ریلی کی شکل میں پی ڈی ایم قائدین کے ساتھ نیب کے دفتر پہنچیں گی۔ 

 اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم کل مریم نواز شریف کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پرامن طور پر نیب کے دفتر جایئں گے، حکومت کو مریم نواز کے ڈراؤنے خواب آ رہے ہیں اور خوف کے عالم میں حکومت کی رات بھاری ہے کیونکہ کل ان کی جان نکل جائے گی۔

 اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نیب جو کر رہا ہے، وہ احتساب نہیں بلکہ انتقامی عمل ہے اور اس کیخلاف ہم سب متحد ہیں، ہم نیب پر حملہ آور ہونے نہیں بلکہ احتجاج ریکارڈ کروانے جار رہے ہیں،  نیب کو کسی اور سے نہیں بلکہ اپنے آپ سے خطرہ ہے اور لانگ مارچ سمیت تمام 26 نکات پر ہمارا اتفاق ہے۔ 

 ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اکٹھے ہو کر سینیٹ الیکشن میں حکومت کو شسکت دی، اب بھی پی ڈی ایم اکٹھی ہے اور پیپلز پارٹی بھی لانگ مارچ کے ساتھ ہے، استعفوں کے بغیر بھی لانگ مارچ ڈیلیکس طریقے سے ہو گا۔ جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ان حالات میں حکومت کے پیچھے کھڑا ہونا قومی جرم ہو گا، صرف اپوزیشن کی پگڑیاں اچھالنے کیلئے احتساب کیا جا رہا ہے جسے ہم نہیں مانتے۔

اس سے قبل کورونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں موجود وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائشگاہ پر حکومتی میڈیا ٹیم سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو ملکی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی کل ہونے والی پیشی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

 یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور مریم نواز کی عدالت پیشی کے موقع پر کسی بھی قسم کی بدمزگی سے بچنے کیلئے حکومت نے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔قومی احتساب بیورو نے مریم نواز شریف کو کارکنان ساتھ لانے سے روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی تھی جسے یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا گیا کہ امن و امان کا قیام ریاست کی ذمہ داری ہے، عدالتوں کو سیاست میں مت گھسیٹیں۔