دبئی / نئی دہلی : متحدہ عرب امارات کے معروف جریدے "خلیج ٹائمز" نے وزیراعظم نریندر مودی کی معاشی پالیسیوں اور بدانتظامی کے بھارتی عوام پر پڑنے والے تباہ کن اثرات کو بے نقاب کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کے بلند و بانگ دعووں کے برعکس، بھارت کا غریب طبقہ بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہو کر دہائیوں پیچھے چلا گیا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں گیس کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ لکڑی اور کوئلے کا استعمال: گیس کی شدید قلت اور مارکیٹ میں قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث غریب اور متوسط طبقہ اب دوبارہ لکڑی اور کوئلہ جلانے پر مجبور ہو گیا ہے۔ بڑی تعداد میں شہری سستی گیس کی سہولت سے محروم ہو چکے ہیں، جس نے مودی سرکار کے "اجولا اسکیم" جیسے پروپیگنڈوں کی حقیقت کو عیاں کر دیا ہے۔
رپورٹ میں مودی انتظامیہ کی نااہلی کا ایک اور پہلو نمایاں کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بدانتظامی کے باعث بھارت بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ بھارتی عوام پیٹرول کے حصول کے لیے پمپوں پر کلومیٹر طویل قطاروں میں لگنے پر مجبور ہیں، جہاں گھنٹوں انتظار کے بعد بھی ایندھن کی دستیابی یقینی نہیں ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق، بھارت میں جاری یہ معاشی ابتری مودی سرکار کی ناقص منصوبہ بندی اور عوامی ترجیحات سے دوری کا نتیجہ ہے۔ عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک طرف بھارت دنیا کی بڑی معیشت بننے کا دعویٰ کرتا ہے، تو دوسری طرف اس کے شہری بنیادی توانائی (گیس اور پیٹرول) کے لیے دربدر ہو رہے ہیں۔