Get Alerts

سیاسی دشمن سے سیاست، ریاستی دشمن سے 'دوسرے طریقے' سے نمٹیں گے: عابد شیر علی کی وارننگ

سیاسی دشمن سے سیاست، ریاستی دشمن سے 'دوسرے طریقے' سے نمٹیں گے: عابد شیر علی کی وارننگ

فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سینیٹر عابد شیر علی نے واضح کیا ہے کہ ملک میں انتشار پھیلانے والے عناصر کے لیے اب حکومت کی برداشت جواب دے چکی ہے اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا وقت آ گیا ہے۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت اور ان کے مبینہ ریاست مخالف بیانیے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
عابد شیر علی نے سخت لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پاکستان کو سری لنکا بنانے کی دعائیں مانگ رہے تھے، اب وہ ایکسپوز ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا سیاسی دشمن کا مقابلہ تو سیاست کے میدان میں کریں گے، لیکن جو ریاست کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، ان سے نمٹنے کے لیے اب آہنی ہاتھ استعمال کیے جائیں گے۔ اب پانی پلوں سے گزر چکا ہے۔
لیگی رہنما نے وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں ایک "ثالث" کے طور پر ابھرا ہے۔ ایران اور دیگر علاقائی معاملات میں پاکستان کے مثبت کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ ملک اب دہشت گردی کی چھاپ سے نکل کر استحکام کی منزل کی جانب گامزن ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران عابد شیر علی نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے زلفی بخاری کے ذریعے بھارتی ایجنٹ عارف ایجاکیا سے ملاقاتیں کیں، جو عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف لابنگ میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوبرز کے ذریعے فوج اور اداروں کے خلاف "بک بک" بند ہونی چاہیے، کیونکہ یہ ملک مکہ اور مدینہ کا محافظ ہے۔
خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے کو اربوں روپے دیے گئے، مگر وہاں کی قیادت صرف احتجاجی سیاست اور لمبی زبان تک محدود ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وزیر اعلیٰ کے پی نے دوبارہ انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو حکومت کے پاس انہیں "ہینڈل" کرنے کا بھرپور لائحہ عمل تیار ہے۔

ٹیگز: