نئی دہلی : بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی گئی حالیہ جارحیت پر خود بھارتی حلقوں میں شدید تنقید جاری ہے۔ بھارتی میڈیا میں فوج کی حکمتِ عملی اور کارروائیوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اور معروف دفاعی تجزیہ کار پراوین سواہنے نے ایک مرتبہ پھر بھارتی اقدامات کو غیر مؤثر اور نقصان دہ قرار دیا ہے۔
ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے پراوین سواہنے نے کہا کہ پاکستان پر حملے سے بھارت کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، بلکہ بین الاقوامی سطح پر ساکھ کو نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو کارروائیاں کیں، وہ نہ صرف غیر منصوبہ بند تھیں بلکہ ان کا کوئی ٹھوس فوجی ہدف بھی موجود نہیں تھا۔
انہوں نے بالاکوٹ حملے کو بھی غلط فیصلہ قرار دیا اور بتایا کہ اُس وقت بھارتی قیادت کو خود بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔ اس بار پاکستان مکمل طور پر تیار تھا، اور اُس نے مؤثر جواب دیا۔ سواہنے کے مطابق پاکستانی ایئر مارشل نے 7 مئی کو دعویٰ کیا کہ 5 بھارتی طیارے مار گرائے گئے، جب کہ بھارتی ایئر مارشل کے پاس اس کا کوئی ٹھوس جواب نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب وضاحت نہیں دی جاتی تو دنیا مخالف فریق کی بات مان لیتی ہے۔ سواہنے نے انکشاف کیا کہ بھارت نے سیز فائر کے لیے امریکی، سعودی، چینی اور جاپانی حکام سے فوری رابطے کیے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت لڑائی کے لیے تیار نہیں تھا۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سواہنے کی باتوں سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ بھارت کو اپنی عسکری حکمت عملی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف زیادہ مضبوط اور حقیقت پر مبنی نظر آیا۔