Get Alerts

پاک فوج کا بھارت کو دوٹوک پیغام: امن ہماری ترجیح، لیکن جارحیت کا جواب شدید ہوگا : ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کا بھارت کو دوٹوک پیغام: امن ہماری ترجیح، لیکن جارحیت کا جواب شدید ہوگا : ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا انتخاب ہمیشہ امن رہا ہے، تاہم اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی حماقت کی تو اسے پہلے سے کہیں زیادہ شدید جواب دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے تقریباً ڈھائی ہزار طلبہ سے ایک خصوصی نشست کے دوران کہی۔ ترجمان پاک فوج نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم اور فوج کا رشتہ ہمیشہ مضبوط اور متحد رہا ہے اور دشمن کی جانب سے اس میں دراڑ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام ہوئی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے انکشاف کیا کہ ماضی میں بھارت کی جانب سے مظفرآباد میں شیلنگ کے نتیجے میں 7 سالہ ارتضیٰ کی شہادت کے بعد پاکستان نے اس کے ذمہ دار بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنا کر تباہ کیا۔ اسی طرح 6 اور 7 مئی کو جن بھارتی ہوائی اڈوں سے حملہ آور طیارے اڑے تھے، انہیں بھی تباہ کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے کبھی کسی شہری آبادی، مذہبی مقام یا معصوم شہری کو نشانہ نہیں بنایا، کیونکہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں، لیکن اگر دشمن نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو ردِعمل انتہائی سخت ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی ہر دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، چاہے وہ خیبرپختونخوا میں ہو یا بلوچستان میں۔ انہوں نے دہشتگرد تنظیموں اور ان کے سرغنہ نور ولی کو 'فتنہ خوارج' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر اسلام کے نام پر ہندوستان سے مدد لے کر امت مسلمہ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے افغانستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے اور پاکستان دشمن ایجنڈے سے خود کو علیحدہ کرے۔

آخر میں انہوں نے پُرعزم انداز میں کہا:"آج دوبارہ وقت آگیا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان۔"

ٹیگز: