لاہور: چند روز قبل پسند کی شادی کرنے والے نوجوان جوڑے کی لاشیں گجرات کے علاقے سرائے عالمگیر سے برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت حسن سلیم اور عائشہ رزاق کے نام سے ہوئی ہے، جو 20 مئی کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کی لاشیں گولیاں مار کر قتل کیے جانے کے بعد ویرانے میں پھینکی گئیں۔ لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
جوڑا شادی کے بعد لاہور کے علاقے سندر میں مقیم تھا۔ حسن سلیم کے اغواء کی ایف آئی آر ایک روز قبل تھانہ سندر میں درج کی گئی تھی، جبکہ عائشہ رزاق کے اغواء کا مقدمہ بھی ان کے والد کی مدعیت میں تھانہ ڈومیلی، ضلع جہلم میں درج ہوا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔ مقتولین کا تعلق جہلم سے تھا، اور وہ خاندان کی مخالفت کے باوجود رشتہ ازدواج میں بندھ گئے تھے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جب کہ واقعے کی حساس نوعیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ حکام کی نگرانی میں تحقیقات جاری ہیں۔