ہڑتال کی آڑ میں کچھ لوگ 9 روپے فی لٹر مارجن میں اضافہ چاہتے ہیں ، حما د اظہر

ہڑتال کی آڑ میں کچھ لوگ 9 روپے فی لٹر مارجن میں اضافہ چاہتے ہیں ، حما د اظہر

اسلام آباد : وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہرنے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ناجائز مطالبات نہیں مانیں گے  ۔انہوں نے کہا ہے کہ کچھ گروپ پٹرول کے فی لٹر مارجن میں نو روپے اضافہ کرانا چاہتے ہیں جو ہمیں قبول نہیں  ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی کے ناجائز مطالبات مانیں گے ۔  

ان کا کہنا تھا کہ کچھ گروپ ایسے ہیں جو فی لٹر پٹرول کے مارجن میں نو روپے کا اضافہ کرانا چاہتے ہیں لیکن چند کمپنیوں کو نوازنے کے لئے نو روپے فی لٹر مارجن نہیں کیا جاسکتا ۔

حماد اظہرکا کہنا تھا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبے پر مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کر دی گئی ہے۔آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ بھی ہو جائے گا لیکن جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے لیکن پٹرول پمپ مالکان بھی عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔

یاد رہے کہ پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن  کی جانب سے آج ملک بھرمیں ہڑتال  کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کو  پیٹرول کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔آج صبح 6 بجے   سےملک بھر میں  پٹرول پمپ بند کر دیے گئے ہیں، رپورٹ کے مطابق صرف ایمبولنس کو پٹرول مہیا کیا جائے گا۔ لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے کمیشن مارجن 3 سے 6 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، تاہم شیل پاکستان نے پیٹرول کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے  ۔