لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجابی زبان کو تعلیم، ثقافت اور عوامی زندگی میں مرکزی مقام دلانے کے لیے تاریخی اقدامات کا حکم دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تمام شعبوں میں اصلاحات کی جائیں گی تاکہ عوام کی زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مختلف حکومتی اداروں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں ایجوکیشن، ماحولیات، جنگلات، وائلڈ لائف، فشریز، ٹورازم، آرکیالوجی، سپورٹس اور لیبر سمیت دیگر شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب کے محنت کشوں کے لیے جھنگ اور کمالیہ میں 20 ہزار ورکرز کو 3 مرلے کے پلاٹ دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس سکیم کے تحت محنت کشوں کو اپنے گھروں کے خواب کی تکمیل کے لیے خصوصی قرضے دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور پنجاب کے ہر راستے کو سرسبز بنانے کے لیے ریلوے ٹریک، سڑکوں اور نہروں کے کنارے شجرکاری کی سفارش کی۔
پنجاب کے جنگلات کی حفاظت کے لیے مریم نواز نے جدید فائر الارمنگ سسٹم نصب کرنے کا حکم دیا، جس کے ذریعے جنگلات میں آگ لگنے سے 20 منٹ قبل ہی اطلاع مل سکے گی۔ اس کے علاوہ غیر قانونی درخت کاٹنے کے واقعات کو روکنے کے لیے سپیشل سینسنگ سسٹم بھی لگایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ماہ چیمپئن شپ ایونٹس کرانے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں شریمپ فارمنگ نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور کروڑوں روپے کے جھینگے کامیابی سے ایکسپورٹ کیے گئے ہیں۔ پانچ ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ فروری 2026 سے شروع ہو گی، جبکہ وزیراعلیٰ نے 50 ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کے لیے فیسبلٹی پلان بھی طلب کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں سیاحت کا نیا ڈیجیٹل دور شروع ہونے جا رہا ہے۔ "میگنیفیشنٹ پنجاب" ایپ تیار کی گئی ہے جس کے ذریعے ہر سیاح کو پنجاب کی خوبصورتی اور سیاحتی مقامات کے بارے میں مکمل معلومات ملیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہر ٹورسٹ سائٹ کے لیے مکمل پیکج پلان بنانے کی ہدایت کی اور پنجاب بھر کے سکول گراؤنڈز کو شام کے اوقات میں عوام کے لیے کھولنے کے اقدامات کا حکم بھی دیا۔
تعلیم کے شعبے میں مریم نواز نے ہر محنتی طالب علم کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے لیے پرائیویٹ یونیورسٹیوں اور کالجز میں لیپ ٹاپ کوٹہ مقرر کرنے کی تجاویز طلب کی ہیں۔ انہوں نے یو ای ٹی میں مقامی سموگ گن کی تیاری پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں ایجوکیشن آن ویل کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرنے کا حکم دیا تاکہ دور دراز علاقوں میں بھی بچوں کو تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔