Get Alerts

تھائی لینڈ کی سابقہ ملکہ سری کٹ 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

تھائی لینڈ کی سابقہ ملکہ سری کٹ 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

بینکاک: تھائی لینڈ کی سابقہ ملکہ سری کٹ 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے خون میں انفیکشن اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے 2019 سے ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

ملکہ سری کٹ، جو کہ موجودہ بادشاہ کی والدہ تھیں، نے اپنے شوہر بادشاہ بھومی بون ادیولیادیت کے ساتھ 7 دہائیوں تک تھائی لینڈ کی سماجی و ثقافتی زندگی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات میں تھائی ریشم کی صنعت کے فروغ اور مقامی دستکاریوں کے احیاء کو خاص اہمیت حاصل تھی۔

ملکہ سری کٹ اپنے خوبصورت انداز، نفاست اور فیشن کے ذوق کی وجہ سے عالمی سطح پر ایک سٹائل آئیکون کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ تاہم، 2012 میں فالج کے بعد وہ عوامی سرگرمیوں سے کنارہ کش ہو گئیں، اور ان کا انتقال تھائی شاہی خاندان کے لیے ایک گہرا صدمہ بن گیا ہے۔

تھائی وزیرِاعظم انوتن چرن ویرکُل نے مادر ملکہ کے انتقال کے بعد اپنا ملائیشیا کا دورہ منسوخ کر دیا ہے، جہاں آسیان رہنماؤں کی سمٹ منعقد ہونے والی تھی۔ اس کے علاوہ، کابینہ ہفتے کے روز شاہی تدفین کے انتظامات پر غور کرے گی۔

صدرِ مملکت پاکستان آصف علی زرداری نے ملکہ سری کٹ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تھائی بادشاہ، شاہی خاندان اور عوام سے دلی ہمدردی کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس غم کی گھڑی میں تھائی قوم کے ساتھ ہیں اور مادر ملکہ کی خدمات اور وقار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

ٹیگز: