بیجنگ: چین نے دنیا کا سب سے بڑا الیکٹرک دریائی کارگو جہاز "گیزوبا" لانچ کر دیا ہے جو روایتی ایندھن کے بجائے لیتھیئم بیٹریوں پر چلتا ہے۔ اس جدید جہاز کی لمبائی 130 میٹر ہے اور یہ 13 ہزار ٹن تک وزن اٹھا سکتا ہے۔
یہ جہاز 12 لیتھیئم بیٹری پاور یونٹس پر چلتا ہے، جو مجموعی طور پر 24 ہزار کلو واٹ آور بجلی فراہم کرتی ہیں۔ انجینیئرز کا کہنا ہے کہ اس جہاز کی بیٹریاں تیزی سے تبدیل کی جا سکتی ہیں، اور یہ 500 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتا ہے۔
اس بحری جہاز میں جدید اسمارٹ کنٹرول سسٹم نصب کیا گیا ہے، جس کی بدولت اس میں ریموٹ نیویگیشن اور خودکار برتھنگ کی سہولت بھی موجود ہے، جس سے جہاز کا آپریشن مزید آسان اور محفوظ ہو گیا ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف انجینیئرنگ کے یِن شن پنگ نے اس کامیابی کو ایک جامع تکنیکی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ میں بڑی بیٹریوں، ڈی سی پاور سسٹمز، ریموٹ پائلٹنگ اور جدید نیٹ ورک انٹیگریشن جیسی جدید ٹیکنالوجیز کو کامیابی سے آزمایا گیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق، یہ الیکٹرک جہاز سالانہ 617 ٹن ایندھن کی بچت کرے گا، جبکہ اس کے ذریعے کاربن کے اخراج کو سالانہ 2 ہزار ٹن تک کم کیا جائے گا۔