نیویار ک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
اردگان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جانا ضروری ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر صرف دو ممالک کا تنازعہ نہیں بلکہ یہ عالمی سطح پر اہمیت کا حامل ہے۔صدر اردگان نے زور دیا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے اور اس کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
سفارتی ماہرین کے مطابق پاکستان کی مسلسل اور مؤثر سفارتی کوششوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر نمایاں کر دیا ہے۔ عالمی رہنماؤں کی حمایت سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو سفارتی سطح پر مضبوط قبولیت ملی ہے۔
ترکی کے صدر کا یہ بیان پاکستان کے موقف کی حمایت اور توثیق ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیاں مسئلہ کشمیر کو عالمی ایجنڈے پر لے آنے میں کامیاب رہی ہیں۔