پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پولیس کے اختیارات اپنے ہاتھ میں لے کر اسے سیاسی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے چند روز قبل پولیس ایکٹ منظور کرنے کی کوشش کی، جس کے ذریعے صوبائی حکومت پولیس کے اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی ماضی میں پولیس کو سیاست سے دور رکھنے کی بات کرتی رہی ہے، تاہم اب پولیس کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق نئے ایکٹ کے تحت حکم کی تعمیل کرنے والوں کو ترقیاں دی جائیں گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل قربانیاں دے رہی ہے۔ صوبے کے جنوبی اور ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے حالیہ کارروائی میں دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنائی، جبکہ سی ٹی ڈی نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت پر مزید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ٹائیگر فورس سے وابستہ افراد کو بھرتی کرکے اداروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پارٹی کے پاس کوئی واضح ایجنڈا نہیں۔