اسلام آباد :گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مسائل کو سیاسی طور پر ہی حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے پارلیمانی فورم پر سیاست کی اور مسائل کو سیاسی جدوجہد کے ذریعے حل کیا۔فیصل کریم کنڈی نے سابق صدر آصف زرداری کا دو بار ملک کے صدر بننا پیپلز پارٹی کا اعزاز قرار دیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی ہمیشہ مسائل کو سیاسی طور پر حل کرنے کی حامی رہی ہے۔
گورنر نے کہا ماضی میں مختلف سیاسی جماعتوں کی قیادت جیلیں بھی گئی لیکن اداروں کے خلاف الزام تراشی نہیں کی گئی۔ ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا۔فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ صوبہ دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔
انہوں نے غیر قانونی افغان باشندوں کے حوالے سے کہا کہ تمام غیر قانونی افغان باشندے واپس جائیں اور صرف وہی قانونی طریقے سے ویزا لے کر پاکستان آئیں۔