کراچی : گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف نہیں لیں گے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ آئین و قانون کے مطابق عمل کریں گے اور آج ہی خیبرپختونخوا پہنچ جائیں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ان کا جواب پشاور ہائی کورٹ میں جمع ہو چکا ہے اور وہ وزیراعلیٰ سندھ سے سرکاری طیارے کے لیے درخواست بھی کر چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے جو بات چیت کان میں ہوئی، وہ میڈیا کو نہیں بتا سکتے، تاہم انہوں نے زور دیا کہ انہوں نے ہمیشہ آئین اور قانون کی پاسداری کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عتیق شاہ نے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حلف سے متعلق محفوظ فیصلہ گزشتہ روز جاری کیا تھا۔ فیصلے میں گورنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بدھ کی شام 4 بجے سہیل آفریدی سے حلف لیں۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر گورنر مقررہ وقت پر حلف نہ لیں تو اسپیکر صوبائی اسمبلی نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔